ملک بھر میں سردی کی لہر اور کہر کا امکان، بالائی علاقوں میں بارش و برفباری کی پیش گوئی

ملک بھر میں سردی کی لہر اور کہر کا امکان، بالائی علاقوں میں بارش و برفباری کی پیش گوئی

لاہور :محکمہ موسمیات کے مطابق 7 دسمبر سے مغربی ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی، جس کے باعث 8 سے 14 دسمبر تک ملک بھر میں سردی کی لہر متوقع ہے۔ اس دوران دن اور رات کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی آ سکتی ہے۔

موسمیاتی ماہرین کے مطابق پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں دن کے درجہ حرارت میں 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ کی کمی آنے کا امکان ہے، جب کہ بلوچستان اور سندھ میں یہ کمی 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک ہو سکتی ہے۔ میدانی علاقوں میں کہر پڑنے کی توقع ہے، جبکہ سندھ، بلوچستان اور پنجاب کے علاقوں میں سرد اور تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات نے یہ بھی پیش گوئی کی ہے کہ 7 دسمبر کی رات سے لے کر 8 دسمبر دوپہر تک، چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، بونیر، شانگلہ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کوہستان، استور، غذر، گلگت، ہنزہ، اسکردو، وادی نیلم، مظفرآباد، راولاکوٹ، کوٹلی، حویلیاں اور باغ میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

اسی دوران 7 دسمبر کی رات سے 8 دسمبر دوپہر تک، مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، سیالکوٹ، حافظ آباد، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، خوشاب، فیصل آباد اور جھنگ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے۔