واشنگٹن : ایپل کا جلد فولڈ ایبل اسمارٹ فونز کی مارکیٹ میں قدم رکھنے کی امکان ہے ، جس کا پہلا ماڈل 7.9 سے 8.3 انچ تک کے سائز میں ہو سکتا ہے۔ ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق، ایپل 2026میں دوسری ششماہی میں یہ فون متعارف کرائے گا ، یہ فولڈ ایبل آئی فون لچکدار او ایل ای ڈی ڈسپلے سے لیس ہوگا جو ہزاروں بار کھولنے اور بند کرنے کے باوجود نقصان سے بچا رہے گا۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایپل کا نیا فولڈ ایبل فون ایک طاقتور پراسیسر اور بہترین کیمرا سسٹم سے مزین ہوگا، جو صارفین کے لیے ایک اعلیٰ معیار کا تجربہ فراہم کرنے کا کام کرے گا۔ ایپل کی فولڈ ایبل فونز کے شعبے میں داخل ہونے سے اس مارکیٹ کو نئی زندگی ملنے کی توقع ہے۔ البتہ 2023 اور 2024 کے دوران فولڈ ایبل فونز کی طلب میں کمی دیکھنے کو ملی، لیکن ایپل کی جانب سے اس ٹیکنالوجی کو اپنانے کے بعد اس شعبے میں دوبارہ ترقی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔
ایپل کی ٹیکنالوجی اپنانے کی روایتی حکمت عملی کے مطابق، کمپنی فولڈ ایبل فونز کو تب تک نہیں متعارف کرائے گی جب تک یہ مکمل طور پر پختہ نہ ہو جائے۔ اگرچہ فولڈ ایبل ڈسپلے ٹیکنالوجی میں ابھی کچھ مسائل ہیں، ایپل کی جانب سے اس کے مارکیٹ میں قدم رکھنے سے ان مسائل کے حل میں تیزی آنے کا امکان ہے۔