راولپنڈی : راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں عمر ایوب، راجہ بشارت اور احمد چٹھہ کو دہشتگردی کے مقدمات میں گرفتار کرنے کے باوجود انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
ان رہنماؤں کو اے ٹی سی کے جج امجد علی شاہ کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے ان کی گرفتاری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ پشاور ہائیکورٹ سے ضمانت ملنے کے باوجود ان رہنماؤں کو کیوں گرفتار کیا گیا۔
عدالت نے بعد ازاں عمر ایوب اور راجہ بشارت کو رہا کرنے کا حکم دیا۔ ان رہنماؤں کو گزشتہ روز جی ایچ کیو حملہ کیس میں فرد جرم عائد ہونے کے بعد اڈیالہ جیل سے گرفتار کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اور دیگر 100 ملزمان پر جی ایچ کیو حملہ کیس میں فرد جرم عائد کی گئی تھی۔ اس مقدمے میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت 143 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے جن میں سے 23 ملزمان کو عدالت پہلے ہی اشتہاری قرار دے چکی ہے۔