لاہور : آج 6 دسمبر کو پاکستان کے عظیم جنگجو، میجر شبیر شریف شہید کا 53 واں یوم شہادت منایا جا رہا ہے۔ میجر شبیر شریف نے اپنی جان کی قربانی دے کر وطن کی سرحدوں کی حفاظت کی اور دشمن پر لرزہ طاری کیا۔
میجر شبیر شریف شہید 28 اپریل 1947 کو ضلع گجرات کے قصبہ کنجاہ میں پیدا ہوئے۔ 1964 میں صرف 21 سال کی عمر میں پاک فوج میں شمولیت اختیار کی۔ وہ سابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کے بڑے بھائی اور میجر عزیز بھٹی شہید نشانِ حیدر کے بھانجے تھے۔
1965 کی جنگ میں، میجر شبیر شریف نے بہادری سے دشمن کا مقابلہ کیا اور اپنی شجاعت کی بدولت ستارہ جرات سے نوازے گئے۔ پھر 1971 میں پاک بھارت جنگ میں، ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر ان کی کمان میں سکس ایف ایف رجمنٹ نے دشمن کو ناکوں چنے چبوا دیے۔6 دسمبر 1971 کو میجر شبیر شریف شہید نے جام شہادت نوش کیا اور میانی صاحب قبرستان لاہور میں دفن ہوئے۔ وہ واحد شخصیت ہیں جنہیں دونوں بڑے فوجی اعزاز، نشانِ حیدر اور ستارہ جرات سے نوازا گیا۔
آج کے دن پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور افواج پاکستان نے میجر شبیر شریف شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کا نام تاریخ میں سنہری حروف میں درج ہے۔