کیلیفورنیا میں زلزلے کے جھٹکے: سونامی کی وارننگ ، بجلی کی فراہمی متاثر

کیلیفورنیا میں زلزلے کے جھٹکے: سونامی کی وارننگ ، بجلی کی فراہمی متاثر

کیلیفورنیا : امریکی ریاست کیلیفورنیا میں زلزلے کے شدید جھٹکوں کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، اور بڑی تعداد میں افراد گھروں سے باہر نکل آئے۔ امریکی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق، زلزلے کی شدت 7 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز کیلیفورنیا کے جنوب مغرب میں تھا۔

زلزلے کے فوراً بعد امریکی حکام نے کیلیفورنیا اور جنوبی اوریگون کے ساحلی علاقوں میں سونامی کی وارننگ جاری کی، تاہم بعد میں یہ وارننگ واپس لے لی گئی۔ اس کے باوجود، افٹر شاکس کا سلسلہ جاری رہا جس نے مزید پریشانی پیدا کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سونامی کی وارننگ کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد نے محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی شروع کر دی، جس سے سڑکوں پر ٹریفک جام ہو گیا۔ اس کے علاوہ  متاثرہ علاقوں میں بجلی کا نظام جزوی طور پر معطل ہو گیا، جس کے نتیجے میں 10 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے۔ امریکی پاور آؤٹریج ٹریکنگ ویب سائٹ کے مطابق، کیلیفورنیا کے ساحلی علاقے میں 99 ہزار صارفین میں سے تقریباً 10 فیصد افراد بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔

ریاست کیلیفورنیا کے سینیٹر مائک مک گوائیر نے کہا کہ ایمرجنسی آپریشن کے لیے ریسکیو ٹیموں کو متاثرہ علاقوں میں روانہ کر دیا گیا ہے، جو مقامی اہلکاروں کے ساتھ امدادی کارروائیوں میں شریک ہوں گے۔ گورنر گیون نیوسوم نے بتایا کہ ریاستی ایمرجنسی حکام سے ملاقاتیں جاری ہیں اور ریاستی سطح پر امدادی سرگرمیوں کے لیے آپریشن سینٹر قائم کر دیا گیا ہے۔فی الحال، زلزلے سے جانی و مالی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں، اور حکام ڈیٹا جمع کر رہے ہیں تاکہ نقصانات کا درست تخمینہ لگایا جا سکے۔

مصنف کے بارے میں