پاکستان میں ادویات کی آن لائن رجسٹریشن اور لائسنسنگ کا آغاز

07:52 PM, 6 Dec, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد:پاکستان میں ادویات کی آن لائن رجسٹریشن اور لائسنسنگ کا آغاز کردیاگیا ہے۔ ادویہ سازکمپنیاں رجسٹریشن اور لائسنس کیلئے آن لائن درخواستیں جمع کروا سکیں گی۔وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان کی جانب سے انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے نئی ادویات کی رجسٹریشن اور لائسنسنگ کو بھی ڈیجیٹل سسٹم سے جوڑ دیا گیا۔

وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈریپ نے ادویات کی رجسٹریشن اور لائسنسنگ کا نظام کو آن لائن کردیا ہے ، وزیر صحت نے ذمہ داریاں سنبھالتے ہی ادویات کی لائسنسنگ اور کہ رجسٹریشن کو ڈیجیٹل کرنے کی ہدایت کی تھی۔ترجمان نے کہا کہ وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے باقاعدہ طور پر اپنے آفس میں افتتاح کر دیا ہے۔


اس حوالے سے ڈاکٹر ندیم جان کا کہنا تھا کہ ادویہ ساز کمپنیاں رجسٹریشن اور لائسنس کے حصول کیلیے آن لائن درخواستیں جمع کروا سکیں گی، اس سے قبل ادویات کی رجسٹرہشن یا لائسنسنگ کے لئےڈریپ آفس جاکر اپلائی کرنا پڑتا تھا۔

وزیر صحت نے کہا کہ اب نئی ادویات کی لائسنسنگ اور رجسٹریشن کے لئے ڈریپ آفس جانے کی پابندی بھی ختم ہو گئی ہے، نئی ملٹی نیشنل کمپنیوں کی رجسٹریشن اور لائسنسنگ بھی ڈیجیٹل. سسٹم کے تحت ہوگی۔ آٹومیٹڈ سسٹم پاکستان کی ادویات پر عالمی اداروں کے اعتماد اور برآمدات میں اضافہ کا باعث ہوگا۔

ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ میں نے ڈریپ کے اندر میرٹ اور شفافیت کی بنیاد رکھ دی ہے، میرٹ اور شفافیت کی وجہ سے اداروں کی کارکردگی میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے۔وزیر صحت نے بتایا کہ وزارت صحت میں اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل درآمد کو یقینی بنارہا ہوں ، اس اقدام سے بد عنوانی کی بجائے شفافیت کو فروغ ملے گا۔

مزیدخبریں