لاہور: جج کی اہلیہ کے تشدد کا شکار رضوانہ کو اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ۔ رضوانہ کو جنرل اسپتال سے ڈسچارج ہوکر چائلڈ پروٹیکشن بیورو کےحوالے کر دیا گیا۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق رضوانہ کو جنرل اسپتال سے ڈسچارج کرکے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی چیئرپرسن سارہ احمد کے سپرد کیا گیا ہے۔اس موقع پر نگران وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم اور دیگر حکام نے متاثرہ بچی کو تحفے دے کر اسپتال سے گھر روانہ کیا۔
رضوانہ کا صحتیابی کے بعد میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اسپتال میں اس کا بہترین علاج کیا گیا۔سب نے میرا بہت خیال رکھا، پہلے میری طبیعت ٹھیک نہیں تھی لیکن ڈاکٹروں اور نرسوں نے میرا بہت خیال رکھا۔علاج معالجہ ،کھانا پینا سب کچھ وقت پر دیا جاتا تھا۔
یاد رہے کہ اسلام آباد میں سول جج کی اہلیہ کے ہاتھوں تشدد کی شکار کمسن گھریلو ملازمہ رضوانہ 5 ماہ لاہور کے جنرل اسپتال میں زیرعلاج رہی، رضوانہ کو سر، چہرے اور کمر پر زخموں کے ساتھ سرگودھا سے لاہور جنرل اسپتال لایا گیا تھا۔