وادی تیراہ: آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ قوم کے تعاون سے دیرپا امن و استحکام کے حصول تک دہشتگردی کیخلاف جنگ جاری رہے گی، مادر وطن کے دفاع کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔
انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے ضلع خیبر میں وادی تیراہ کا دورہ کیا۔ آرمی چیف نے پاک افغان سرحد پر تعینات فوجی جوانوں کے ساتھ دن گزارا۔ آرمی چیف نے فوجی جوانوں کی آپریشنل تیاریوں اور بلند حوصلے کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے جوانوں اور افسران سے خطاب میں کہا کہ قبائلی عوام اور سکیورٹی فورسز کی بے شمار قربانیوں کے باعث ریاست کی عمل داری قائم ہوئی ہے۔ کسی کو دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کامیابیوں کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، امن کو خراب کرنے والوں کیلئے کوئی جگہ نہیں ہوگی۔
علاوہ ازیں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں آپریشنل، ٹریننگ اور فارمیشن کے دیگر امور پربریفنگ دی گئی۔