لاہور: سابق وزیر اعظم عمران خان کا فوری اسمبلیاں تحلیل کرنے کے بجائے عام انتخابات کے لیے ’’الیکشن کراؤ ملک بچاؤ‘‘ احتجاج ریلیاں نکالنے کا اعلان کیا ہے جن کا آغاز کل سے ہوگا۔
نیو نیوز کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں منظوری کے بعد اسمبلیوں کی تحلیل سے قبل الیکشن کراؤ ملک بچاؤ ریلیوں کا شیڈول بھی جاری کردیا گیا ہے۔ ریلیوں میں مہنگائی، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور انصاف کی فراہمی کے معاملات کو بھی اجاگر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
الیکشن کراؤ ملک بچاؤ مہم کے پہلے مرحلے کے تحت لاہور میں 11 روز ریلیاں نکالی جائیں گی۔ ان ریلیوں کی قیادت پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کرے گی۔ مہم کی پہلی ریلی 7 دسمبر کو حماد اظہر کے حلقے میں ہوگی۔ 8 دسمبر کو دوسری ریلی ملک کرامت کھوکھر، تیسری ریلی 9 دسمبر کو شفقت محمود کے حلقے میں نکالی جائے گی۔
شیڈول کے مطابق 10 دسمبر کو سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال،11دسمبر کو رکن صوبائی اسمبلی میاں اکرم عثمان کے حلقے میں ریلی نکلے گی۔ 12دسمبر کو رکن صوبائی اسمبلی ندیم عباس بارہ ،13دسمبر کو رکن صوبائی اسمبلی شبیر گجر ، 14دسمبر کو صوبائی وزیر مراد راس اور 15دسمبر کو رکن صوبائی اسمبلی ظہیر عباس کھوکھر کے حلقے میں الیکشن کراؤ ملک بچاؤ ریلی کا انعقاد ہوگا۔
16 دسمبر کو رکن قومی اسمبلی سرفراز کھوکھر اور 17 دسمبر کو صوبائی وزیر میاں محمود الرشید کے حلقے میں ریلی نکالی جائے گی۔