نئی دہلی: روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے دورہ بھارت کے موقع پر بھارت اور روس کے درمیان 28 سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط ہو گئے ہیں۔
روس کے صدر ولادی میر پیوٹن پیر کے روز بھارت پہنچے جہاں انہوں نے نئی دلی میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی ۔بھارتی سیکرٹری خارجہ کا کہنا ہے کہ روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے دورہ بھارت میں دونوں ملکوں کے درمیان اسٹیل، شپ بلڈنگ،کوئلے اور توانائی سے متعلق معاہدے طے پائے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق بھارت میں کلاشنکوف اسالٹ رائفلز بنانے کیلئے ماسکو اور دلی کے درمیان ایک الگ معاہدہ بھی طے پایا ہے اور معاہدے کے تحت بھارت 6 لاکھ سے زائد اے کے 203 اسالٹ رائفلز بنائے گا۔
بھارتی سیکرٹری خارجہ کے مطابق بھارت کو رواں ماہ روسی میزائل سسٹم ایس 400 کی ترسیل شروع ہوگئی ہیں جو اب جاری رہے گی۔ دورہ بھارت کے موقع پر روسی صدر پیوٹن کا کہنا تھا کہ ہم بھارت کو ایک عظیم طاقت، ایک دوست ملک سمجھتے ہیں ۔
اس کے علاوہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے روسی صدر کو بھارت آنے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ' ہم نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، سائنس اور ٹیکنالوجی اور ثقافتی تعاون کو مذید بڑھانے کیلئے تبادلہ خیال کیا'۔
خیال رہے کہ امریکی دباؤ کے باوجود بھارت نے روس کے ساتھ 2018 میں5 دفاعی میزائل سسٹم کی خریداری کا 5.5 ارب ڈالر کا معاہدہ کیا تھا۔