کراچی: پاکستان ڈیموکریٹ مومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کی دھمکی دے دی۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت آج پی ڈی ایم کا اجلاس ہوا جس میں مسلم لیگ ن اور دیگر جماعتوں کی اسلام آباد میں دھرنے کے بجائے ایک روزہ شو کرنے اور کارکنان کو جلسہ کے لیے فوری متحرک کرنے کی تجویز دے دی۔
سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان اسمبلیوں سے فوری استعفوں پر بضد رہے اور کہا کہ اسمبلیوں سے استعفے دے کر عوام کے ساتھ کھڑے ہونا چاہے۔ اگر آج کوئی فیصلہ نہیں ہوتا تو پی ڈی ایم کی تحریک کا کیا فائدہ ہو گا۔
انہوں نے پی ڈی ایم کی سربراہی سے مستعفی ہونے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ آج فیصلہ کریں ورنہ میں سربراہی سے مستعفی ہوتا ہوں۔
گزشتہ روز شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ہونے والے پی ڈی ایم کے اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں لانگ مارچ اور استعفوں پر اتفاق کیا گیا تھا۔