اسلام آباد: سری لنکا کے ہائی کمشنر موہن وجے وکرما نے کہا ہے کہ سیالکوٹ واقعے پر پاکستان کی حکومت کی طرف سے کیے گئے اقدامات سے مطمئن ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی قائدین کے وفد نے اسلام آباد میں قائم سری لنکن سفارت خانے کا دورہ کیا۔ وفد نے سیالکوٹ میں سری لنکن مینیجر کے بہیمانہ قتل پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سری لنکن حکام سے تعزیت کی۔
اس موقع پر سری لنکا کے ہائی کمشنر موہن وجے وکرما نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ افسوس ناک ہے اور ہم پاکستان کی حکومت کی طرف سے کیے گئے اقدامات سے مطمئن ہیں جبکہ یقین ہے حکومت پاکستان ایسے اقدامات کرے گی کہ فیملی کو انصاف ملے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس واقعہ سے پاکستان اور سری لنکا کے تعلقات میں فرق نہیں پڑے گا، دونوں ممالک پرانے دوست ہیں اور دوستانہ تعلقات جاری رہیں گے، اب تک کی کارروائی سے مطمئن ہیں، بہت بڑی تعداد میں لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 3 دسمبر کو اسپورٹس گارمنٹ کی فیکٹری کے غیر مسلم سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا پر فیکٹری ورکرز نے مذہبی پوسٹر اتارنے کا الزام لگا کر حملہ کردیا، پریانتھا کمارا جان بچانے کیلئے بالائی منزل پر بھاگے لیکن فیکٹری ورکرز نے پیچھا کیا اور چھت پر گھیر لیا۔
انسانیت سوز خونی کھیل کو فیکٹری گارڈز روکنے میں ناکام رہے، فیکٹری ورکرز منیجر کو مارتے ہوئے نیچے لائے ، مار مار کر جان سے ہی مار دیا، اسی پر بس نہ کیا، لاش کو گھسیٹ کر فیکٹری سے باہر چوک پر لے گئے، ڈنڈے مارے، لاتیں ماریں اور پھر آگ لگا دی۔