کولمبو: سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی اینجلو میتھیوز بھی سیالکوٹ واقعے پر بول پڑے ہیں جنہوں نے پریانتھا کی ہلاکت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کئے گئے پیغام میں اینجلو میتھیوز نے کہا کہ ’ایک سری لنکن کے وحشیانہ قتل کا سن کر صدمہ اور افسوس ہوا۔ اس وحشت ناک واقعے کے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لا کر سزا دی جائے، کسی انسان کو کسی دوسرے کی قسمت کا فیصلہ نہیں کرنا چاہئے۔‘
Shocking and sickening to hear the barbaric murder of a Srilankan.. Those who are responsible should be brought before Justice and punished! No mankind should decide the fate of another #sialkot
— Angelo Mathews (@Angelo69Mathews) December 4, 2021
واضح رہے کہ چند روز قبل سیالکوٹ میں نجی فیکٹری کا سری لنکن منیجر فیکٹری ملازمین کے تشدد سے ہلاک ہوگیا تھا، مشتعل افراد نے لاش کو سڑک پر گھسیٹا اور آگ لگادی تھی جبکہ فیکٹری میں توڑ پھوڑ بھی کی۔ مشتعل افراد کا دعویٰ ہے کہ مقتول نے مبینہ طور پر مذہبی جذبات مجروح کئے تھے۔
سانحہ سیالکوٹ کی پولیس تحقیقات جاری ہیں اور اب تک 110 افراد کی شناخت ہوگئی ہے جن میں 13 مرکزی ملزمان ہیں، ملزمان طلحہ اور فرحان نے پولیس کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے جبکہ مزید تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔ دوسری جانب پریانتھا کمارا کی میت کو ائیرپورٹ پر پہنچا دیا گیا جسے ان کے آبائی شہر پہنچایا جائے گا جہاں ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی ۔