نیب پر بے بنیاد الزام لگانے والوں کو نوٹسز جاری کیے جائیں گے: اعلامیہ

07:01 PM, 6 Dec, 2020

لاہور: نیب حکام کا کہنا ہے کہ ادارے کے خلاف تمام الزامات اور رپورٹس کو مسترد کرتے ہیں۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ نیب پر بے بنیاد الزام لگانے والوں کو نوٹسز جاری کیے جائیں گے۔

نیب اعلامیے کے مطابق الزامات لگانے والے 14 روز میں اپنے دعوے کو ثابت کرسکیں گے، الزامات ثابت نہ ہوئے تو قانونی کارروائی کی جائے گی، نیب کرپشن کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور چیئرمین نیب کی قیادت میں کارروائیاں جاری رہیں گی۔

نیب حکام نے دوران حراست ہلاکتوں اور پلی بارگین کے الزامات مسترد کر دیئے ہیں۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نیب حراست میں کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔ نیب حکام نے واضح کیا ہے کہ پلی بارگین کرنے والا 10 سال تک الیکشن نہیں لڑسکتا۔ پلی بارگین کے وقت ملزم کا بیان بھی قلمبند کیا جاتا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے نیب کو ہر سطح پر بے نقاب کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ اب سینیٹ آف پاکستان نیب کا احتساب کرے گی۔

سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ عدالت میں ثابت کریں گے کہ وہ بے گناہ ہیں ، لیکن نیب کو بھی ان کی حراست میں ہلاک ہونے والوں کا حساب دینا ہو گا۔

انہوں نے نیب کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی رابطہ کریں گے۔ سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ وزیر اعظم کو خط لکھ دیا ، آرمی چیف کو بھی لکھ رہا ہوں۔ عدالت میں ثابت کریں گے کہ ہم بے گناہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیب عالمی سطح پر بلیک لسٹ ہوچکا ہے، نیب افسران نے غوری ٹاون سمیت بہت سے منصوبوں میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ وہ ہر فورم پر نیب کے خلاف آواز اٹھائیں گے۔

مزیدخبریں