نواز شریف کے بیانیے کا پرچار کرنے والوں کو سلام پیش کرتی ہوں: مریم نواز

05:01 PM, 6 Dec, 2020

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ جب خوف سے نواز شریف کی آواز بند کرتے ہیں تو کارکنان آواز بن جاتے ہیں، آج صرف نواز شریف کی آواز پاکستان کے کونے کونے میں گونج رہی ہے۔ اب یہ آواز پاکستان کے عوام کی آواز بن گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ن لیگ کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پارٹی کے سوشل میڈیا ممبر سے میری جذباتی وابستگی ہے۔ اپنی سوشل میڈیا ٹیم کا شکریہ ادا کرتی ہوں، نواز شریف کے بیانیے کا پرچار کرنے والوں کو سلام پیش کرتی ہوں، مسلم لیگ ن کا سوشل میڈیا ونگ تناور درخت بن گیا ہے۔ اپنے تمام سوشل میڈیا ممبرز کو شاباش دیتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ادراک ہونا چاہیے آپ کے ملک میں کیا ہو رہا ہے اور کون کیا کر رہا ہے؟

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف سے حکومت چھینی گئی، ایک ایکسپائر اقامہ پر نواز شریف کو باہر کر دیا گیا، 2018 میں الیکشن چوری کرکے سلیکٹڈ کو مسلط کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ جج ارشد ملک اچانک دنیا سے رخصت ہو گئے ، اللہ ان کی مغفرت فرمائے۔

مریم نواز نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہگیس آتی نہیں، بل بڑے بڑے آرہے ہیں، 25 ہزار آمدن والے کو 50 ہزار روپے گیس کا بل بھیج دیا جاتا ہے۔کون کہتا تھا سبز پاسپورٹ کی عزت کراؤں گا، آج پوری دنیا کے ملکوں نے پاکستان کی فلائٹس بند کردی ہیں۔

ن لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ جعلی وزیراعظم آتا ہے تو پورا شہر سیل کر دیا جاتا ہے۔ جعلی وزیراعظم لوگوں کے درمیان آکر دکھائے۔ نواز شریف نے جان ہتھیلی پر رکھ کر پاکستان کی سلامتی کی 2 جنگیں لڑیں۔

مریم نواز نے پوچھا کہ تبدیلی سرکار نے پورے پاکستان میں کیا ایک بھی ہسپتال بنایا ؟ ہسپتالوں میں اسٹریچر کیلئے 20 روپے دینا پڑیں گے۔ ظالم حکومت نے چلڈرن ہسپتال کی گرانٹ ختم کر دی، چلڈرن ہسپتال لاہور میں 100 بچے انتقال کر گئے۔ خیبرٹیچنگ ہسپتال میں آکسیجن نہ ہونے کے باعث 7 افراد انتقال کر گئے۔ موٹروے پر بچوں کے سامنے خاتون کی بے حرمتی کا واقعہ ہوا۔

مزیدخبریں