اسلام آباد: ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے نیب سٹاف کی ڈگریاں چیک کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو کی حرکتوں کو روکنا ہوگا، اس ادارے کو ہر حال میں بے نقاب کروں گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے میڈیا نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب نیب کے سٹاف کی انوسٹی گیشن ہوگی تو آپ لوگ بھی وہاں موجود ہونگے۔ ہم چھپ کر ان لوگوں سے تحقیقات نہیں کرینگے۔
سلیم مانڈوی والا کا کہنا تھا کہ نیب کو ایکسپوژ کرنے کیلئے ایک ایک سینیٹر متحد ہے۔ لوگ مجھے کالیں کرکے کہتے ہیں کہ آپ نیب کیخلاف جہاد کریں، ہم آپ کیساتھ ہیں۔ پہلی مرتبہ ایسا ہوگا کہ کوئی نیب کا احتساب کرے گا۔ ہم قومی احتساب بیورو (نیب) کے تمام سٹاف کی ڈگریوں کو چیک کرینگے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ نیب نے ظلم کیے ہیں، نیب کی تحویل میں لوگ مرے ہیں۔ آپ پورے پاکستان کو گرفتار کریں، اس سے کسی کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ نیب کی حراست میں جتنے لوگوں کی اموات ہوئیں، ان سب کو میڈیا کے سامنے لایا جائے گا۔ سینیٹ جو کام کرنے جا رہی ہے، یہ کسی ایک فرد کیلئے نہیں ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بھی الزام عائد کیا تھا کہ نیب کی حراست میں بہت سے لوگوں کی اموات واقع ہوئی ہیں۔
سلیم مانڈوی والا نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا کہ نیب کی عزت نہ بیوروکریسی میں ہے، نہ عدلیہ اور ہی سیاست میں ہے۔ سینیٹ آف پاکستان نیب کے آمدنی سے زائد اثاثوں کی تحقیقات کرے گا۔ نیب کی جانب سے غوری ٹاؤن سمیت جتنی جگہوں پر سرمایہ کاری کی گئی ہے، یہ تمام چیزیں ہمارے علم میں ہیں۔