نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز، 18 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان

12:34 PM, 6 Dec, 2020

کرائسٹ چرچ: پاکستان اور نیوزی لینڈ ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے 18 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

سابق کپتان سرفراز احمد اور حسین طلعت کی ٹی ٹونٹی سکواڈ میں واپسی ہو گئی۔ محمد رضوان، حیدر علی، محمد حفیظ، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد حسنین، حارث رؤف، شاہین آفریدی، عثمان قادر، وہاب ریاض، فہیم اشرف، عماد وسیم، عبداللہ شفیق اور موسیٰ خان کو قومی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ٹی ٹونٹی سیریز میں ان لڑکوں کو موقع دیا جو گزشتہ کچھ عرصے سے متواتر سکواڈز کا حصہ ہیں۔ نیوزی لینڈ کے چند قوانین نے ہمارے کھلاڑیوں کو ذہنی اور جسمانی طور پر متاثر کیا۔

خیال رہے کہ سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم وسیم اکرم نے بھی ایک بیان میں کہا تھا کہ وطن واپس بھیجنے کے حوالے سے نیوزی لینڈ بورڈ کا بیان پاکستان کیلئے کافی شرمندگی کا باعث بنا۔ پی سی بی کو چاہیے تھا کہ وہ کرکٹرز کو پاکستان میں ہی چودہ روز آئسولیشن میں رکھتے۔ بابر اعظم تینوں فارمیٹ کا کپتان ہے، اسے کرکٹ پر فوکس رکھنا چاہیے۔

دوسری جانب کمروں میں قید پاکستانی کرکٹرز نے آن لائن ایکسر سائز کا آغاز کر دیا ہے۔ پاکستان ٹیم کے سٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ یاسر ملک نے کھلاڑیوں کو آن لائن ٹریننگ دی۔

قومی کرکٹرز نے اپنے کمروں میں فٹنس ٹریننگ کی۔ پاکستان کرکٹ سکواڈ کے ممبران کی آخری ٹیسٹنگ کل ہوگی، اس کے رزلٹ کے بعد پاکستان کرکٹ سکواڈ آئسولیشن ختم کر سکے گا۔

خیال رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں میں عالمی وبا کی علامات ظاہر ہونے کے بعد انھیں آئسولیٹ کر دیا گیا تھا۔ نیوزی لینڈ حکام کی جانب سے پلیئرز پر سخت پابندیاں عائد کرتے ہوئے الزام عائد کیا گیا تھا کہ وہ ایس او پیز کی خلاف ورزیوں میں مصروف ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے یہ معاملہ کیوی بورڈ کیساتھ اٹھاتے ہوئے سخت احتجاج ریکارڈ کیا گیا تھا۔

مزیدخبریں