کینیڈا میں "ہواوے" کمپنی کے مالک کی بیٹی گرفتار ، چین نے فوری رہائی کا مطالبہ کر دیا

کینیڈا میں
کیپشن: #HuaweiCFO,فوٹؤ سوشل میڈیا ٹویٹر ہیش ٹیگ

کینیڈین حکام نے چینی کمپنی  ہواوے ٹیکنالوجیز کی چیف فائنینشل آفیسر (سی ایف او )منگ وانزھو کو کینیڈین ائیرپورٹ پر حراست میں لے لیا گیا ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کو شک ہے کہ وانزھو نے ایران پر عائد امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی کی ہے ،تاہم چین نے منگ وانزھو کی فوری رہائی کا مطالبہ کر دیا ہے ۔کینیڈ ا میں موجود سابق سفارتکار نے خبردار کیا ہے کہ چین اس گرفتاری کے جواب میں امریکی اور کینیڈین اعلیٰ عہدیداروں کے خلاف کارروائی کر سکتاہے ۔ کینیڈا میں موجود چینی سفارتخانے سے جاری ہونے والے بیان میں منگ کی گرفتاری پر شدید احتجاج کیا گیا ہے ،سفاتخانے کے اعلیٰ حکام کا کہناہے کہ منگ نے کسی بھی طرح کا غیر قانونی کام نہیں کیا ۔


چینی سفارتخانے کی طرف سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس غلطی کا فور ی طور پر ازالہ کیا جائے اور منگ کو بلا تاخیر رہا کیا جائے ۔ کینیڈین وزارت انصاف کے ترجمان کا کہناہے کہ منگ ہواوے کمپنی کے بانی رین شنگ کی بیٹی اور کمپنی کے انتظامی امور کی ذمہ دار ہے۔ انہیں یکم دسمبر  کو حراست میں لیا گیا تھا اور  جمعہ کے روز عدالت میں پیش کیا جائے گا۔


واضح رہے کہ امریکی جریدے وال سٹریٹ جرنل نے رواں سال اپریل میں اپنی اشاعت میں لکھا تھا کہ ایران پر عائد امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی سے متعلق امریکی عدالت نے منگ کے خلاف تفتیش کاآغاز کیا تھا۔

ہواوے نے وضاحت کی ہے کہ امریکہ نے کینیڈا سے منگ کی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ان پر نیویارک میں فرد جرم عائد ہو سکے۔ تاہم کمپنی ترجمان نے کہا ہے کہ امریکی اور کینیڈین عدالتیں منگ کے معاملے میں منصفانہ فیصلہ کریں گی۔ بیان کے مطابق ہواوے تمام رائج قوانین، قواعد اور ضوابط   کی پاسداری کرتی ہے اور مواصلاتی نظام میں ہواوے کا دنیا بھر میں اپنا ایک مقام ہے۔