اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف ایک بار پھر نیب کے ریڈار پر آ گئے ہیں۔ تحریک انصاف کے رہنما اور وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی عثمان ڈار نیب اسلام آباد کے دفتر پہنچے جہاں انہوں نے نیب کی درخواست پر خواجہ آصف کے خلاف مبینہ منی لانڈرنگ کے ثبوت فراہم کر دیئے۔
عثمان ڈار کی جانب سے خواجہ آصف کی غیر ملکی سرمایہ کاری کا ریکارڈ بھی نیب حکام کے حوالے کیا گیا ہے جس میں سابق وزیر خارجہ اور ان کی اہلیہ کے غیر ملکی اکاؤنٹس میں بے نامی ٹرانزیکشنز کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔
تحریک انصاف کے رہنما نے خواجہ آصف کے بطور وفاقی وزیر غیر ملکی کمپنی میں ملازمت اور تنخواہ کا خفیہ معاہدہ بھی نیب کے حوالے کیا ہے۔
عثمان ڈار نے کہا کہ اقامہ اور غیر ملکی کمپنی میں ملازمت کی آڑ میں منی لانڈرنگ کی گئی۔ انہوں نے بطور وزیر پانی بجلی قومی خزانے کو بھی نا قابل تلافی نقصان پہنچایا۔
خیال رہے کہ پاکستان میں 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے عثمان ڈار کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے خواجہ آصف سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 73 سیالکوٹ پر شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔