'پاکستان نے عالمی طاقتوں کو پہلے ہی باور کروایا تھا افغان تنازعے کا حل طاقت نہیں'

12:56 PM, 6 Dec, 2018

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ شکر ہے کہ آج عالم اقوام میں امن کے قیام کے سلسلے میں پاکستان کے کردار پر بات ہو رہی ہے۔

اپنے خطاب کے دوران وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان نے عالمی طاقتوں کو پہلے ہی باور کروایا تھا کہ افغان تنازعے کا حل طاقت کے استعمال سے ممکن نہیں ہے اور اس بات کی خوشی ہے کہ آج امریکا پاکستان کو موقف تسلیم کر رہا ہے۔

عمران خان نے کہا بھارت نے کرتار پور راہداری کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی لیکن سکھ برادری کے ردعمل پر بہت خوشی ہوئی۔ معیشت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنی معاشی ٹیم کو شاباش دینا چاہتا ہوں کیونکہ ملٹی نیشنل کمپنیوں نے بھاری سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے اور معاشی ٹیم نے اب ایسا ماحول بنایا کہ سرمایہ کار پاکستان آ رہے ہیں۔

وفاقی کابینہ گزشتہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی عملداری کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ گزشتہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق بھی کرے گی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران گلگت بلتستان میں اصلاحات اور عبوری صوبے کا درجہ دیئے جانے کا امکان ہے اور وزیر برائے امور کشمیر اور وزیر قانون اس معاملے پر بریفنگ دیں گے۔

مزیدخبریں