نیو یارک: ملیحہ لودھی نے متوسط آمدنی والے ممالک کو درپیش چیلنجز پر اقوام متحدہ میں خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ سی پیک ترقی پزیر ممالک کے درمیان شراکت داری کی روشن مثال ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی خصوصی مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ سی پیک سے خطے میں خوش حالی آئے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کی 73 فیصد غریب آبادی متوسط آمدنی والے ترقی پزیر ممالک میں رہتی ہے۔ غربت کا خاتمہ کیے بغیر پائیدار اور دیر پا ترقی کا حصول ممکن نہیں۔
پاکستانی سفیر نے یہ بھی کہا کہ ترقی پزیر ممالک میں سرمایہ کاری سے عالمی ترقی کی رفتار میں اضافہ ہو گا۔
خیال رہے اپریل 2015 میں چینی صدر شی جن پِنگ کے دورہ پاکستان میں سی پیک سے منسلک منصوبوں کی تفصیلات سامنے آئیں جن کی کل لاگت 46 ارب ڈالر تھی۔
اس میں سے تقریباً 34 ارب ڈالر توانائی سے متعلق منصوبوں پر جبکہ تقریباً دس ارب ڈالر سڑکوں اور آمد و رفت کے ذرائع لیے مختص کیے گئے تھے۔ چینی صدر نے اس موقع پر ملک کی قومی اسمبلی سے بھی خطاب کیا اور سی پیک کو دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کا محور قرار دیا۔