تہران: ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا ہے کہ امریکا ایران کے خلاف جھوٹے الزامات اور بیانات کو دہرا کر خطے میں اپنی غلطیوں کو نہیں چھپا سکتا اور نہ ہی وہ ایران کے سامنے اپنی منفی حکمت عملی کا ازالہ کرسکتا ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی کے ساتھ اپنی حالیہ ملاقات میں ایک بار پھر ایران کے خلاف بے بنیاد الزامات کو دہرایا جو ایران کے خلاف ایک غیرموثر روش اور ہٹ دھرمی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ من گھڑت اور جھوٹے الزامات دہرانے سے امریکا کبھی بھی ایران کے خلاف کی جانے والی غلطیوں اور خطے میں اپنی شکست کا ازالہ نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ایران دہشتگردی، جارحیت اور فوجی بغاوت جیسی سازشوں کا شکار رہا ہے مگر اس کے باوجود ہم آج دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سب سے آگے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران عالمی قوانین کے تحت عالمی اور علاقائی امن و سلامتی کے لئے اپنے تعمیری کردار کو جاری رکھے گا اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کے الزامات اور دھمکیوں کی پرواہ نہیں کرتا۔