امریکا افغانستان میں بھارت کو فوجی کردار نہیں دے گا،خواجہ آصف

امریکا افغانستان میں بھارت کو فوجی کردار نہیں دے گا،خواجہ آصف

اسلام آباد:پاکستان کے وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ امریکی وزیر دفاع جیمز میٹِس نے پاکستانی قیادت سے حالیہ ملاقاتوں میں افغانستان میں انڈیا کا فوجی کردار نہ ہونے کی یقین دہانی کروائی ہے۔امریکی وزیر دفاع کے دورہ پاکستان کے بارے میں بی بی سی سے بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستانی قیادت نے پیر کو اسلام آباد میں امریکی حکام کے سامنے افغانستان میں بھارت کے فوجی کردار کا معاملہ اٹھایا تھا۔

وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا کہ امریکہ نے اس معاملے پر پاکستان کو یقین دلایا ہے کہ افغانستان میں انڈیا کی عسکری مداخلت نہیں ہو گی۔

واضح رہے کہ پاکستان کے افغانستان میں انڈیا کے کردار کے حوالے سے سخت تحفظات ہیں جس کا وہ امریکہ اور افغان قیادت سے کھل کر اظہار بھی کرتا رہا ہے۔

اس سے قبل ستمبر میں امریکی وزیر دفاع جیمز میٹِس کے انڈیا دورے میں ان کی ہم منصب نے کہا تھا کہ انڈیا کا افغانستان میں اپنی فوجی بھیجنے کا کوئی ارادہ نہیں اور یہ کہ انڈیا افغانستان کے ساتھ معاشی تعلقات بڑھا رہا ہے تاکہ جنگ زدہ ملک کی مدد کی جائے۔ امریکی وزیر دفاع نے امریکی مسلح افواج کی کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ انڈیا کا یہ فیصلہ پاکستان کے تحفظات کے باعث ہے تاکہ پاکستان مغربی سرحد پر خود کو غیرمحفوظ نہ سمجھے۔

اس سے پہلے امریکی سفارتخانے کے مطابق امریکہ کے وزیرِ دفاع جیمز میٹِس نے کہا ہے کہ پاکستان کو اپنی سرزمین پر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کاوشوں کو مزید تیز کرنا ہو گا جبکہ پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید کا کہنا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے حصے سے زیادہ کام کیا ہے۔