حلب: عراق کے مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ تکفیری گروہ داعش کے متعدد سرغنے منجملہ ابوبکر البغدادی موصل سے فرار ہوکر شام کے قریب سرحدی علاقوں میں چلے گئے ہیں۔
عراقی افواج کی جانب سے موصل کا محاصرہ تنگ ہوجانے پر ابوبکر البغدادی سمیت داعش کے متعدد کمانڈر اور افراد صوبے نینوا کے البعاج علاقے سے فرار ہو کر شام کے قریب سرحدی علاقوں میں چھپ گئے۔
کہا جا رہا ہے کہ عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی مسلسل پیش قدمی جاری ہے اور دہشت گرد گروہ داعش بری طرح کمزور ہوتا جا رہا ہے۔ موصل کا محاصرہ روز بروز تنگ ہو جانے کے پیش نظر حالیہ دنوں میں اس تکفیری گروہ کے سرغنوں نے اپنے عناصر کو موصل کا شہر ترک کرنے کا حکم دیا تھا۔
عراق کے صوبہ نینوا کے آپریشن کمانڈر نجم الجبوری نے عراقی افواج کی مسلسل پیش قدمی اور داعش دہشتگرد گروہ کی کمزوری کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ موصل عنقریب اور روان سال کے دوران ہی دہشتگردوں کے قبضے سے آزاد ہوجائے گا۔
موصل کی آزادی کی کارروائی سترہ اکتوبر سے اس ملک کے وزیراعظم حیدرالعبادی کے حکم سے چھے محوروں سے شروع ہوئی ہے اور عراقی فوج اس شہر کے بعض علاقوں تک پہنچ چکی ہے-