لندن: سردیاں شروع ہو چکی ہیں اور یہ موسم خشک میوہ جات کے استعمال کے عروج کا زمانہ ہوتا ہے۔ اب سائنسدانوں نے خشک میوہ جات کے کچھ ایسے فوائد بتا دیئے ہیں کہ کوئی بھی ان سے صرفِ نظر نہیں کرے گا۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق سائنسدانوں نے اپنی نئی تحقیق میں بتایا ہے کہ ”خشک میوہ جات، بالخصوص اخروٹ، مونگ پھلی، سورج مکھی کے بیج اور پیکن، کھانے سے کینسر اور دل کی بیماریوں میں مبتلا ہونے کے امکانات انتہائی کم ہو جاتے ہیں اور آدمی قبل ازوقت موت سے محفوظ رہتا ہے۔“
سائنسدانوں نے بتایا ہے کہ خشک میوہ جات انتہائی اینٹی آکسیڈنٹ ہوتے ہیں اور خلیوں کو ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے سے بچاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ روزانہ 20گرام خشک میوہ جات کھانے سے جلدی موت کے امکانات 20فیصد کم ہو جاتے ہیں۔ امپیرئیل کالج لندن کے ماہرین نے 20سابق تحقیقات کا تجزیہ کرکے یہ نتائج مرتب کیے ہیں، جن کے مطابق صرف مونگ پھلی ہی اتنی صحت مندانہ چیز ہے کہ یہ انسان کی عمر میں طوالت کا باعث بنتی ہے۔
تحقیقاتی ٹیم کے رکن ڈاکٹر ڈیگفین اونے کا کہنا ہے کہ ”ہم نے اپنی تحقیق میں خشک میوہ جات کی بدولت کئی طرح کی بیماریوں کے خطرے میں نمایاں کمی ہونے کا پتا چلایا ہے، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ خشک میوہ جات اور صحت کا آپس میں گہرا تعلق ہے۔خشک میوہ جات سے صحت پر جتنے مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں ، اتنی کم مقدار میں کوئی اور خوراک کھانے سے نہیں ہوتے۔“