البرٹا: کینیڈا میں کسی ستم ظریف نے عام بلیوں کو گنجا کرکے انہیں ’’بے بال ابوالہول بلی‘‘ (hairless Sphynx cat) کے نام سے مہنگے داموں میں فروخت کرکے لوگوں سے ہزاروں ڈالر اینٹھ لئے ہیں۔
بے بال ابوالہول بلی دنیا کی مہنگی بلیوں میں شمار ہوتی ہے جسے 1960 کے عشرے میں بلیوں کی مختلف نسلوں میں کراس بریڈنگ سے تیار کیا گیا ہے اور اس کے جسم پر پیدائشی طور پر ہی کوئی بال نہیں ہوتا لیکن اسی خاصیت کی وجہ سے بلیاں پالنے کے شوقین لوگ ایسی ایک بلی خریدنے کےلئے 1000 ڈالر تک بہ آسانی ادا کردیتے ہیں۔
اس نامعلوم شخص نے البرٹا، کینیڈا کے اخباروں میں اشتہارات دے کر لوگوں کو کم خرچ ’’ابوالہول بلی‘‘ خریدنے کی طرف متوجہ کیا جس کی قیمت صرف 650 ڈالر تھی، لیکن اشتہار میں اس نے کوئی تصویر نہیں دی تھی۔
مختلف مقامی خریداروں نے اس شخص سے وہ ابوالہول بلیاں خرید بھی لیں لیکن اس شخص نے انتہائی مکاری سے اپنی شناخت ظاہر ہونے نہ دی۔
فراڈ کا بھید اس وقت کھلا جب ان بلیوں کے جسموں پر ایک سے دو ہفتے کے دوران بال نمودار ہونے لگے اور خریداروں پر انکشاف ہوا کہ انہیں بے بال ابوالہول بلیوں کے نام پر بے وقوف بنایا گیا ہے۔
لیکن تب تک بہت دیر ہوچکی تھی اور وہ فراڈیا غائب ہوچکا تھا۔ البتہ اس واقعے نے لوگوں کو حیران کرنے کے ساتھ ساتھ ہنسا ہنسا کر لوٹ پوٹ بھی کردیا ہے۔