اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف کے بچوں کے وکیل اکرم شیخ نے پاناما کیس میں لندن فلیٹس کی خریداری کی اضافی دستاویز سپریم کورٹ میں جمع کرادی ،جس میں کہا گیا ہے کہ پارک لین لندن کے چاروں اپارٹمنٹس 1993 سے 1996 کے درمیان خریدے گئے اور جن کمپنیوں کے ذریعے یہ فلیٹس خریدے گئے ان کی ملکیت اس وقت قطر کے التھانی خاندان کے پاس تھی۔
تفصیلات کے مطابق حسین نوازکے کیل اکرم شیخ نے اضافی دستاویزسپریم کورٹ میں جمع کرادی جس میں کہا گیا ہے کہ پارک لین لندن کے چاروں اپارٹمنٹس 1993 سے 1996 کے درمیان خریدے گئے ہیں ۔ پارک لین فلیٹس نیسکول اور نیلسن کمپنی کے ذریعے 19 لاکھ 5 ہزار پاؤنڈز میں خریدے گئے تھے جبکہ فلیٹس کی خریداری کے وقت دونوں کمپنیاں التھانی خاندان کی ملکیت تھیں۔
دستاویز میں فلیٹس کی خریداری کی تاریخیں اور قیمتیں الگ الگ بیان کی گئی ہیں اور عدالت عظمیٰ کو بتایا گیا ہے کہ پارک لین کافلیٹ نمبر 17 نیسکول کمپنی نے 7 مئی 1993 کو 5 لاکھ 85 ہزارپاؤنڈز میں خریدا جبکہ نیلسن کمپنی نے فلیٹ نمبر 16 اور 16 اے 10 جولائی 1995 کو خریدے اوردونوں فلیٹس کی قیمت 10 لاکھ 75 ہزارپاؤنڈزاداکی۔ دستاویز میں مزید کہا گیا ہے کہ 5 جولائی 1996 کو نیسکول کمپنی نے فلیٹ نمبر 17 اے خریدا جس کیلئے 2 لاکھ 35 ہزار پاؤنڈ قیمت ادا کی گئی ۔