کراچی: کراچی شہر سے بس اڈوں کو باہر منتقل کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ حکومت سندھ نے ایک اہم فیصلہ کیا ہے ۔ شہر قائد سے بس اڈوں کو باہر منتقل کرنے اور مسافروں کو مفت شٹل سروس دینے کا بڑا فیصلہ کیاگیا ہے ۔سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، کمشنر کراچی حسن نقوی، کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو، ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز چیمہ اور دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی جانب سے بس اڈوں کو ترجیحی بنیادوں پر فوری طور پر شہر سے باہر منتقل کرنے کی ہدایات کی گئی۔شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ مسافروں کیلئے پرانے بس اڈوں سے مفت شٹل سروس چلائی جا رہی ہے، مسافروں کو ٹرمینل تک پہنچانے کے لئے مفت شٹل سروس 14 اگست سے شروع کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہیوی گاڑیوں کی وجہ سے کراچی کے شہریوں کو تکالیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے، سڑکوں پر بھی دباؤ بڑھتا ہے، تمام بس اڈوں کو کراچی شہر سے باہر منتقل کیا جا رہا ہے، کراچی بس ٹرمینل میں مسافروں کے لئے مزید جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ شٹل سروس کینٹ سٹیشن، صغیر شہید روڈ، ایم اے جناح روڈ اور الکرم سکوائر سے شروع کی جا رہی ہے، شٹل سروس کے ذریعے مسافروں کو پرانے بس اڈوں سے ٹرمینل تک مفت سہولت فراہم کی جائے گی، کوشش کی جائے کہ کراچی کے شہریوں اور مسافروں کو کسی بھی قسم کی تکلیف یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کے مفادات کا خیال رکھتے ہوئے اقدامات اٹھائے جائیں، ایسے اقدامات کو یقینی بنایا جائے کہ ٹرانسپورٹرز کو بھی نقصان نہ ہو اور مسافروں کو بھی ریلیف مل سکے۔
انہوں نے کہا کہ مسافروں کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے کراچی بس ٹرمینل پر پولیس کی چیک پوسٹ بھی بنائی جا رہی ہے۔