لندن: آنجہانی ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی پہلی برسی رواں برس 8 ستمبر ہوگی۔ تاہم شاہی محل سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پہلی برسی پر عوامی سطح پر کوئی تقریب نہیں ہوگی۔
برطانوی میڈیا کے مطابق شاہی محل سے جاری بیان میں کہا گیا برطانیہ کے بادشاہ چارلس اپنی والدہ آنجہانی ملکہ الزبتھ دوم کی پہلی برسی کو سرکاری عوامی تقریب یا نجی خاندانی اجتماع کے ساتھ نہیں منائیں گے۔بکنگھم پیلس کے ترجمان کاکہنا ہے کہ بادشاہ چارلس اپنی اہلیہ ملکہ کمیلا کے ساتھ یہ دن خاموشی سے گزاریں گے۔
خیال رہے کہ آنجہانی ملکہ برطانیہ اپنے والد جارج ششم کی برسی بھی اسی طرح خاموشی اور تنہائی میں مناتی تھیں۔برطانیہ میں سب سے طویل عرصے 70 سال تک حکمرانی کرنے والی ملکہ الزبتھ دوم مختصر علالت کے بعد 96 سال کی عمر میں 8 ستمبر 2022 کو انتقال کرگئی تھیں۔