نواب شاہ : ٹرین حادثے کے بعد پاک فوج اور رینجرز کے دستے بھی امدادی کاموں میں شریک ہیں۔ آرمی چیف کی جانب سے امدادی سرگرمیوں کیلئے پاک فوج اور رینجرز کو خصوصی ہدایات کردی ہیں۔
حیدرآباد اور سکرنڈسے مزید دستے طلب کرلیے گئے۔ آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر بھی ریسکیو آپریشن کیلئے پہنچ گیا۔ پاک فوج اور رینجرز حکام جائے حادثہ پر اشیائے خورونوش بھی لے کر پہنچ گئے ۔ پاک فوج کا ریسکیو آپریشن آخری زخمی کی اسپتال منتقلی،پھنسے افرادکونکالنے تک جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ نوابشاہ میں سرہاری ریلوے اسٹیشن کے قریب ہزارہ ایکسپریس کو حادثہ پیش آیا ہے۔ دس بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔المناک واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد30وگئی،خواتین اور بچوں سمیت 80سے زائد زخمی ہیں۔
امدادی ٹیموں نے لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا ۔ہزارہ ایکسپریس کراچی سے سرگودھا جارہی تھی ۔ٹرین ڈرائیور نے حادثے میں تخریب کاری کاخدشہ ظاہر کردیا۔
ڈرائیو کا کہنا ہے کہ ٹرین پچاس کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتارسے جارہی تھی۔ٹریک بھی ٹھیک تھا۔جس طرح انجن کو دھچکا لگا۔اس سے تخریب کاری کا شبہ ہوتا ہے۔مسافروں نے کہا ٹرین میں بہت زیادہ افراد سوار تھے۔حادثہ اتنا اچانک تھا کہ سنبھلنےکا موقع ہی نہیں ملا۔