لاہور : صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی کرپشن کا ایک قطرہ نظر آیا ہے، کرپشن کا پورا سمندر سامنے آنا ابھی باقی ہے۔
عبدالعلیم خان کا چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری پر ردِعمل میں کہنا ہے کہ تکبر اللّٰہ تعالیٰ کو پسند نہیں جو اپنے دوستوں اور اپنے محسنوں کا نہیں وہ ملک کا بھی نہیں ہو سکتا۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی کرپشن ابھی سامنے نہیں آئی، اُنہوں نے نہ کوئی گھڑی چھوڑی نہ کوئی ہیرا۔
علیم خان نے کہا کہ بزدار اور فرح گوگی کی گرفتاری تک تمام شواہد سامنے نہیں آئیں گے۔ کرپشن کے شواہد کے لیے ہمیں کسی فورم پر بلایا گیا تو پیش ہوں گے۔
عبدالعلیم خان نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی لوگ مشاورت کر کے اپنے دوستوں کے ساتھ ہماری پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔ انشاء اللّٰہ پورے پنجاب سے لوگ ہماری پارٹی میں شامل ہوں گے، ہم سب مل کر اپنے منشور پر کام کریں گے۔
دوسری جانب جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ دس سال بعد نئی مردم شماری ہوئی ہے ہر حلقے میں کچھ نہ کچھ فرق تو پڑے گا۔ نئے الیکشن لیٹ ہوئے تو کچھ وقت کے لیے ہوں گے، نئی مردم شماری کے مطابق الیکشن ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ ہمیں کہیں بھی بلایا جائے گا ہم سب کچھ سچ بتائیں گے۔
جہانگیر ترین نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے قصور سے دوست پارٹی جوائن کر رہے ہیں اور ہم اُنہیں دل کی گہرائیوں سےخوش آمدید کہتے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ ہم سب دوستوں کے ساتھ مل کر ملک کی خدمت کریں گے۔