مرتے دم تک عمران خان کے ساتھ ہوں، شہباز شریف سے کہنا چاہتا ہوں ظلم اتنا کریں جتنا سہہ سکیں: شیخ رشید کا نامعلوم مقام سے ویڈیو پیغام 

01:02 PM, 6 Aug, 2023

نیوویب ڈیسک

راولپنڈی: سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان کا ساتھ آخری دم تک نہیں چھوڑوں گا۔ شہباز شریف کو کہنا چاہتا ہوں ظلم اتنا کریں جتنا سہ سکیں۔

نامعلوم مقام سے اپنے ویڈیو پیغام میں شیخ رشید نے کہا کہ  اصلی اور نسلی بندہ ہوں، چٹان کی طرح کھڑا ہوں اور قبر کی دیواروں تک دوستی نبھاتا ہوں، عزت عزیز اور عزت کی موت مرنے کو ہی ترجیح دوں گا، ہتھیار نہیں پھینکوں گا اور کبھی پریس کانفرنس نہیں کروں گا۔ 

سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا  کہ  چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری اور  اُن کواٹک جیل منتقل کرنے  پر مجھے انتہائی دکھ اور افسوس ہوا میں اس کی پُرزور مذمت کرتا ہوں ۔ 

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو فیئر ٹرائل کا حق ملنا چاہئے تھا۔ امید ہے عمران خان کو ہائیکورٹ  سپریم کورٹ سے انصاف ملے گا اور انہیں جلد رہائی ملے گی ۔ ملک الیکشن کی طرف جا رہا ہے اور الیکشن ہی مسائل کا واحد حل ہے نفرتیں کم ہونی چائیں تاکہ صاف اور شفاف الیکشن ہو سکیں  ۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ چار دن کی حکومت حالات کو مزید سنگین اور گھمبیر نہ بنادے عوام پہلے ہی مہنگائی اور بیروزگاری کے ہاتھوں مرے ہوئے ہیں حالات مزید بد سے بد تر ہوتے جارہے ہیں۔ 

مزیدخبریں