اسلام آباد: وزارت عظمیٰ کی کرسی چھوڑنے کے باوجود عمران خان کے یوٹرن جاری ہیں ۔ کل عمران خان نے 9 حلقوں پر خود ہی ضمنی انتخابات لڑنے کا اعلان کیا اور آج انتخابات رکوانے اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ گئے۔
نیو نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کے 9 حلقوں کے لیے الیکشن کمیشن کا جاری انتخابی شیڈول اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔ درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی گئی۔
فیصل چودھری کے ذریعے دائر متفرق درخواست میں انتخابی شیڈول کو معطل کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہاگیاہے کہ پی ٹی آئی کے استعفیٰ مرحلہ وار منظوری کے خلاف درخواست زیر التوا ہے۔عدالت4 اگست کو درخواست پر سماعت کرکے نوٹس جاری کر چکی ہے۔
الیکشن کمیشن کو نوٹس کا معلوم ہونے کے باوجود شیڈول جاری کردیا گیا۔الیکشن کمیشن کا5 اگست کو جاری کردہ شیڈول معطل کیا جائے ۔پی ٹی آئی کے مرکزی کیس کے فیصلے تک الیکشن کمیشن کا انتخابی شیڈول معطل رکھا جائے۔
ادھر اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی ہے۔قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق بدھ کو درخواست پر سماعت کریں گے۔