اسلام آباد : وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا پہلا اجلاس ہوا جس میں 4 نکاتی ایجنڈے کی منظوری دی گئی ۔ پنجاب میں نویں اور دسویں محرم کو ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔
نیو نیوز کے مطابق پنجاب کابینہ نے محرم الحرام خصوصاً یوم عاشور کیلئے فول پروف سکیورٹی پلان کی منظوری دے دی ہے۔ کابینہ نے فیصلہ کیا کہ حساس مقامات اور جلوسوں کے راستے پر موبائل سروس بند رہے گی۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی نے صوبائی وزراء، مشیران اور معاونین خصوصی کو فی الفور اپنے اضلاع میں جا کر عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے کئے جانے والے ا قدامات کی مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا یوم عاشور پر قیام امن کے لئے ضلع کی سطح پر باقاعدگی سے میٹنگز کی جائیں۔تمام جلوسوں او رمجالس کی سی سی ٹی وی کوریج یقینی بنائی جائے۔
چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ محرم الحرام خصوصاً یوم عاشور پرامن فضا کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔ مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے ضلعی وڈویژنل امن کمیٹیوں کے ارکان متحرک کردار ادا کریں۔ قابل اعتراض مواد کی اشاعت و تقسیم پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ ضابطہ اخلاق کی پابندی پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی نے صوبے کے سیلاب متاثرہ علاقوں کیلئے خصوصی امدادی پیکیج پر تیزی سے عملدرآمد کی ہدایت کی ۔ پرویز الہٰی نے کہا کہ فصلوں اور املاک کو پہنچنے والے نقصانات کا جلد ازالہ کیاجائے گا۔ پنجاب کابینہ نے کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کی از سر نو تشکیل کی منظوری دے دی ہے۔
صوبائی وزیر خزانہ محسن لغاری کمیٹی کے سربراہ ہوں گے ۔پنجاب کابینہ نے کابینہ سٹینڈنگ برائے قانونی امور کی ازسرنو کی تشکیل کی منظوری دے دی۔ صوبائی وزیرپبلک پراسیکیوشن و کوآپریٹو راجہ بشارت کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔ پنجاب کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کی ازسرنو تشکیل کی منظوری دے دی۔صوبائی وزیرپبلک پراسیکیوشن و کوآپریٹو راجہ بشارت کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔
کابینہ اجلاس میں بلوچستان میں پاکستان آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر حادثے میں شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی ۔پنجاب کابینہ کا شہید ہونے والے کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈز میجرجنرل امجد حنیف، بریگیڈئیر محمد خالد،میجر سعیداحمد، میجر طلحہ منان اور نائیک مدثر فیاضکو خراج عقیدت پیش کیا۔ کابینہ نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔