اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں بچے سمیت 15 فلسطینی شہید

01:37 PM, 6 Aug, 2022

نیوویب ڈیسک

غزہ: غزہ پٹی پر اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں بچے سمیت 15 فلسطینی شہید ، 75 زخمی بھی ہوئے ۔

صیہونی اسرائیلی فورسز کی معصوم فلسطینیوں کے خلاف ظالمانہ کاروائیوں کا سلسلہ تھمنے میں نہیں آرہا ۔ اسرائیلی فورسز نے غزہ پٹی پر فضائی حملے کر دیے ۔ جس کے نتیجے میں 15 معصوم فلسطینی جان کی بازی ہار گئے ۔

حملے کے بعد غزہ کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی جبکہ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے ۔ حملے میں متعدد عمارتوں کو شدید نقصان بھی پہنچا ۔

اسرائیلی وزیر اعظم یائر لیپڈ نے غزہ پر وحشیانہ بمباری کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس حملے میں اسلامک جہاد کے کمانڈر تیسیر الجبری کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔

دوسری جانب اسلامک جہاد نے اسرائیلی فضائی حملے کو اعلان جنگ قرار دیا اور جوابی کارروائی میں اسرائیل پر 100 سے زائد راکٹ فائر کیے ۔ جبکہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیل نئے جرم کا مرتکب ہوا ہے ، اسے اس کی قیمت چکانی پڑے گی ۔

مزیدخبریں