افغان حکومت کے ڈائریکٹر انفارمیشن میڈیا سنٹر قاتلانہ حملے میں ہلاک 

08:31 PM, 6 Aug, 2021

کابل :افغانستان کی بگڑتی صورتحال میں جہاں ہر گزرتے دن کیساتھ حالات کنٹرول سے باہر ہوتے جا رہے ہیں وہیں اقتدار پر قابض ہونے کیلئے افغان حکومت اور طالبان کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں ،ایسے میں افغان حکومت کے ڈائریکٹر انفارمیشن میڈیا سنٹر طالبان کے حملے میں مارے گئے ،جبکہ طالبان نے پیش قدمی کرتے ہوئے پہلی دفعہ کسی صوبائی دارالحکومت پر قبضہ کا اعلان کیا ہے ۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنی ٹوئٹ کے ذریعے اطلاع دی ہے کہ کابل کے دارالامان روڈ پر کابل انتظامیہ کے میڈیا سنٹر کے سربراہ دوا خان مینہ پال مجاہدین کے ایک خاص حملے میں مارے گئے۔

ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے دوا خان مینہ پال کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میڈیا ڈائریکٹر کو انھیں اُن کے اعمال کی سزا دی گئی ہے تاہم ترجمان طالبان نے ان کا جرم نہیں بتایا۔

واضح رہے افغان طالبان نے پیش قدمی کرتے ہوئے صوبہ نمروز کے دارالحکومت پر قبضہ کرلیا ہے جو کسی بھی صوبائی دارالحکومت پر ان کا پہلا قبضہ ہے۔

مزیدخبریں