ممبئی : بھارتی اداکارہ شلپا سیٹھی کو شوہر راج کندرا کی فحش فلموں کے کیس کی وجہ سے بڑادھچکا ، شلپا سیٹھی کو " سپر ڈانسر چیپٹر 4 " کے شو سے نکال دیا گیا ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شلپا شیٹھی بھارتی ٹی وی کے رئیلیٹی شو ’’سپر ڈانسر چیپٹر4‘‘ کی جج بھی ہیں۔ تاہم جب سے ان کے شوہر کے کارنامے میڈیا پر آئے ہیں شلپا شیٹھی کو بھی اس کا خمیازہ بھگتنا پڑرہا ہے۔ فحش فلموں کا اسکینڈل سامنے آنے کے بعد شلپا شیٹھی کو بدنامی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور بہت سے بالی ووڈ اسٹارز اور قریبی دوستوں نے ان سے اپنی راہیں جدا کرلی ہیں۔ اس کے علاوہ انہیں مالی نقصان بھی برداشت کرنا پڑرہا ہے۔
رئیلیٹی شو’’سپر ڈانسر چیپٹر4‘‘ میں اس ہفتے شلپا شیٹھی کی جگہ اداکارہ سونالی باندرے اور ماضی کی معروف اداکارہ موشمی چیٹرجی بطور مہمان جج شرکت کریں گی۔
شلپا شیٹھی، کوریوگرافر گیتا کپور اور انوراگ باسو کے ساتھ شو کے باقاعدہ ججوں میں سے ایک ہیں جو ہر ہفتے شو میں شرکت کرتی ہیں۔ تاہم شلپا شیٹھی کی غیر موجودگی کے باعث اب شو انتظامیہ بالی ووڈ کے دیگر فنکاروں کو شو میں مدعو کررہے ہیں۔ گزشتہ ہفتے شلپا شیٹھی کی جگہ جینیلیا ڈی سوزا اور رتیش دیش مکھ شو میں بطور مہمان جج شریک ہوئے تھے۔ اور ان دونوں سے قبل اداکارہ کرشمہ کپور نے شو میں شلپا شیٹھی کی کمی پوری کی تھی۔
یادرہے کہ جب سے ممبئی پولیس نے شلپا شیٹھی کے شوہر کو فحش فلمیں بنانے کے الزام میں گرفتار کیا ہے تب سے شلپا شیٹھی رئیلیٹی شو کی شوٹنگ نہیں کررہی ہیں۔
واضح رہے کہ شلپا شیٹھی اس شو کی سب سے مہنگی جج ہیں جو ایک قسط کا معاوضہ 22 لاکھ تک لیتی ہیں۔ صرف یہی نہیں بلکہ یہ افواہیں بھی گردش میں ہیں کہ اداکارہ کو شو سے نکالنے کا فیصلہ کیا جاچکاہے تاہم ابھی تک چینل انتظامیہ نے اس معاملہ پر خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔