کابل : طالبان نے صوبائی دارالحکومت زرنج پر قبضہ کر لیا ،حالیہ برسوں میں یہ افغانستان کے کسی صوبے کا پہلا دارالحکومت ہے جس پر طالبان قابض ہوگئے ہیں۔
بی بی سی کے مطابق افغان صوبے زرنج پر جمعہ کی سہہ پہر کو قبضہ کیا گیا ہے تاہم ابھی تک سرکاری طور پر اس خبر کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
افغانستان کے دیگر علاقوں میں اس وقت شدید لڑائی جاری ہے ان میں مغرب میں ہیرات اور جنوب میں لشکر گاہ شامل ہیں۔
ایران کے ساتھ سرحد کے قریب واقع زرنج ایک اہم تجارتی شہر ہے۔ اس کے ارد گرد کے اضلاع پر قابض ہونے کے بعد طالبان اس شہر پر قبضہ حاصل کرنے کے لیے مسلسل حملے کر رہے تھے۔
ایک حکومتی ذرائع کے مطابق شہر میں محکمہ سکیورٹی کی گرد لڑائی ابھی بھی جاری ہے۔
نمروز پولیس کے ایک اہلکار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ حکومت کی جانب سے اضافی نفری نہ بھیجے جانے کی وجہ سے طالبان شہر پر قبضہ کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے اطلاعات کے مطابق صوبہ نمروز کے دارالخلافہ زرنج پر طالبان نے حملہ کیا تھا اور جمعرات کی رات شہر میں داخل ہو گئے تھے۔ تاہم صوبائی کونسل کے سربراہ باز محمد ناصری نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ افغان فورسز کے پاس اب بھی شہر کا کنٹرول ہے اور طالبان کی یہاں موجودگی کی اطلاعات میں حقیقت نہیں ہے۔
تازہ اطلاعات کے مطابق طالبان نے شہر کے ائیرپورٹ پر بھی قبضہ کر لیا ہے۔ سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جانے والی تصاویر میں لوگوں کو سرکاری عمارتوں میں لوٹ مار کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔