اسلام آباد: امریکی کورونا ویکسین فائزر کی ایک اور کھیپ پاکستان پہنچ گئی۔فائزر ویکسئن بیرون ملک جانے والوں کو لگائی جائے گی ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ غیرملکی ایئرلائن 64 ہزار فائزر ویکسین ڈوز لے کر پہنچ گئی، پاکستان نے فائزر ویکسین کی ایک کروڑ 30 لاکھ خوراکیں خریدی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ ایک لاکھ فائزر ویکسین کی ڈوز پاکستان پہنچی تھیں۔
فائزر ویکسین بیرون ملک جانے کے خواہش مند افراد کو لگائی جائے گی، فائزر ویکسین دائمی امراض میں مبتلا افراد کو بھی لگائی جائے گی۔
واضح رہے کہ 26 جولائی کو غیرملکی ایئرلائن کی پرواز 30 لاکھ موڈرنا ویکسین ڈوز لیکر اسلام آباد پہنچی تھی، کوویکس نے پاکستان کوموڈرنا کورونا ویکسین مفت فراہم کی تھی۔
امریکی ساختہ موڈرنا ویکسین بیرون ملک جانے والوں اور دائمی امراض کا شکار شہریوں کو لگائی جائے گی، موڈرناپاکستان کوکوویکس سے ملنے والی پانچویں ویکسین کھیپ ہے۔
کوویکس نے پاکستان کو گزشتہ ویکسین کھیپ 17 جولائی کو فراہم کی تھی، گزشتہ کھیپ آسٹرازنیکا کی 1.24 ملین ڈوز پر مشتمل تھی، اب تک کوویکس سے پاکستان کو 50 لاکھ 80620 ویکسین ڈوز مل چکی ہیں۔