"پولیس کا ہے فرض مدد آپ کی "، سابق پولیس آفیسر نے اپنی جان دے کر بچے کو بچا لیا

07:07 PM, 6 Aug, 2021

لاہور: کم عمر بچے کو بچاتے ہوئے سابق پولیس افسر ٹرین کی ٹکر سے شہید ہوگئے۔

نیونیوز کے مطابق لاہور کے علاقے راوی روڈ 5 نمبر پھاٹک پر سابق سب انسپکٹر محمد صدیق پٹڑی پر کھیلتے ہوئے بچے کو بچاتے ہوئے ٹرین کی زد میں آکر شہید ہوگئے۔

سابق سب انسپکٹر اپنے ذاتی کام کے سلسلے میں ریلوے ٹریک کے پاس سے  گزر رہے تھے کہ اچانک  بچہ کھیلتے ہوئےٹرین کی پٹڑی پر چلا گیا اور دوسری طرف سے آتی ٹرین کے بارے میں بالکل لاعلم تھا ۔ 

ایک طرف سے ٹرین بڑھ رہی تھی تو دوسری طرف سے سابق سب انسپکٹر دوڑتے ہوئے بچے تک پہنچنے کی کوشش کررہے تھے ۔ 

عین وقت پر انہوں نے بچے کو پٹٹری سے ہٹا کر اس کی جان تو بچا لی لیکن خود ٹرین کی زد میں آکر جاں بحق ہوگئے ۔ 

ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی کا کہنا ہے کہ بچہ کھیل کے دوران اچانک پٹڑی پر آگیا تھا جسے بچاتے ہوئے سابق سب انسپکٹر محمد صدیق نے اپنی جان دے دی۔

ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی نے ریٹائرڈ سب انسپکٹر محمد صدیق کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ محمد صدیق نے ’پولیس کا ہے فرض مدد آپ کی‘ کو پورا کیا۔

ساجد کیانی نے کہا کہ وردی میں ہو یا بغیر وردی میں پولیس کا ہر جوان مدد کے جذبے سے سرشار ہے، ریٹائرڈ سب انسپکٹر محمد صدیق نے اپنی جان دے کر بچے کو محفوظ کیا۔

ایس پی سٹی کا کہنا تھا کہ مقامی لوگوں نے واقعے سے متعلق بتایا، بچہ کی شناخت فوری طور پر نہیں ہوسکی، بچے کے اہلخانہ سے متعلق تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔

سابق سب انسپکٹر محمد صدیق 1983 میں کانسٹیبل بھرتی ہوئے تھے، وہ 38 سال محکمہ پولیس خدمات انجام دینے کے بعد گزشتہ سال ریٹائر ہوئے تھے۔

مزیدخبریں