اسلام آباد: چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولاناعبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ مندر میں توڑ پھوڑ کر کے مخصوص طبقہ ملک میں انتشار پھیلانا چاہتا ہے مگر ہمیں آپس میں اتحاد اور یکجہتی کی فضاءقائم رکھنی چاہئے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے بھونگ مندر کا دورہ کیا جہاں ہندو برادری سے ملاقات بھی کی۔ مولانا عبدالخبیر آزاد نے اقلیتی برادری کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ اقلیتوں کے مذہبی، سیاسی اور بنیادی شہری حقوق کا تحفظ کیاجاتا ہے، ایک مخصوص طبقہ ملک میں انتشار پھیلانا چاہتاہے مگر ہمیں آپس میں اتحاد اور یکجہتی کی فضا قائم رکھنی چاہیے۔
دوسری جانب چیئرمین پاکستان علماءکونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشر ق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ صادق آباد مندر میں توڑ پھوڑ کرنے والے افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کا دفتر اس حوالے سے تمام امور کی خود نگرانی کر رہا ہے،مجرم کیفرکردار تک پہنچیں گے ، کسی گروہ ، فردیا جماعت کو قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیا جائے گا، مندر میں توڑ پھوڑکی مرمت کیلئے کام شروع کر دیا گیا ہے، وزیر اعظم کا ویژن بڑا کلیئر ہے کہ آئین پاکستان نے مسلمانوں اور غیر مسلموں کے حقو ق کا تعین کر رکھا ہے، کسی کو اقلیتوں کے حقوق کو سلب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،
ان کا کہنا تھا کہ صادق آباد میں مندر میں توڑ پھوڑ کا واقعہ قابل مذمت اور قابل گرفت ہے،اسلام ہمیں امن ، محبت اور رواداری کا درس دیتا ہے ، مندر میں توڑ پھوڑ کرنے والوں نے اسلام اور پاکستان کو بدنام کیا اور ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ، انہوں نے کہا ہے کہ وہ خود صادق آباد کا دورہ کریں گے اور بہتری کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھاتے ہوئے ہندو برادری کی تشویش کو دور کیا جائے گا۔