بارسلونا: ارجنٹائن کے سٹار فٹ بالر لیونل میسی نے 21 سال کے طویل عرصے کے بعد سپین کے معروف فٹ بال کلب بارسلونا کو چھوڑ دیا ہے جس کی تصدیق کلب انتظامیہ نے بھی کر دی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سپینش کلب بارسلونا کا کہنا ہے کہ معاہدے پر پہنچنے کے باوجود ارجنٹائن کے سٹرائیکر و کپتان لیونل میسی کلب کو چھوڑ جائیں گے جس کی بڑی وجہ کلب کے مالی حالات ہیں، میسی اور کلب کا بھرپور ارادہ تھا کہ دونوں میں معاہدہ طے پاجائے تاہم معاشی اور ساختی دشواریوں کے باعث ایسا نہیں ہو سکتا اور مذکورہ صورتحال کے پیش نظر لیونل میسی اب بارسلونا کیلئے نہیں کھیلیں گے۔
کلب کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ میسی اور کلب کے درمیان معاہدہ نہ ہونے اور کھلاڑیوں اور کلب کی خواہشات پوری نہ ہونے پر میسی اور فٹ بال کلب دونوں نے ہی افسوس کا اظہار کیا ہے۔ بارسلونا فٹ بال کلب نے لیونل میسی کی خدمات پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا اور ان کے مستقبل میں ذاتی و پیشہ ورانہ زندگی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
واضح رہے کہ میسی اس کلب کے ساتھ 13 برس کی عمر میں اس کی ٹیم ’بارسا‘ سے منسلک ہوئے تھے، سٹار فٹ بالر 778 میچوں میں بارسلونا کی نمائندگی کر چکے ہیں جبکہ اس کی جانب سے وہ مجموعی طور پر 672 گولز بھی سکور کر چکے ہیں۔
لیونل میسی نے 21 سال بعد بارسلونا کو چھوڑ دیا
09:31 AM, 6 Aug, 2021