فیس بک نے  ٹرمپ  کی قوت مدافعت سے متعلق پوسٹ ڈیلیٹ کر دی

12:24 PM, 6 Aug, 2020

واشنگٹن : سماجی رابطے کی ویب سائٹس فیس بک نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کورونا وائرس کے خلاف بچوں کی قوت مدافعت سے متعلق دعوی پر مبنی پوسٹ ڈیلیٹ کر دی جبکہ ٹویٹر نے ٹیم ٹرمپ اکاﺅنٹ عارضی طور پر بندکر دیا ۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز اپنے ایک انٹرویو کا وڈیو کلپ فیس بک پر شیئر کیا جس میں انہوں نے دعوی کیا کہ وہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران سکول دوبارہ کھول رہے ہیں۔

صدر نے کہا کہ اگر آپ بچوں کی بات کریں تو بچے بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت رکھتے ہیں اور وہ بیماری سے جلد صحت یاب ہونے کی صلاحیت رکھتے ہیں کیونکہ ان کا مدافعتی نظام بڑوں کے مقابلے میں بہت زیادہ مضبوط ہوتا ہے۔ امریکی صدر نے کہا کہ کورونا وائرس ختم ہو رہا ہے اور یہ بھی اسی طرح ختم ہو جائے گا جس طرح دوسری بیماریاں یا چیزیں ختم ہو جاتی ہیں۔

دوسری جانب فیس بک نے امریکی صدر کی پوسٹ ڈیلیٹ کرتے ہوئے کہا کہ اس پوسٹ میں کورونا وائرس سے متعلق نقصان دہ غلط معلومات بارے غلط دعوے کیے گئے کہ بچے کورونا وائرس کے خلاف قوت مدافعت رکھتے ہیں جو کورونا وائرس بارے نقصان دہ غلط معلومات سے متعلق ہماری پالیسیوں کی خلاف ورزی ہے۔ بعدازاں ٹویٹر نے امریکی صدر کا وڈیو کلپ ٹویٹ کرنے پر ٹرمپ ٹیم کا مہم اکاﺅنٹ عارضی طور پر فریزکر دیا۔ ٹویٹر کے ترجمان نے کہا کہ امریکی صدر کی کورونا وائرس بارے غلط معلومات پر مبنی ٹویٹ ٹویٹر قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اکاﺅنٹ مالک اگر دوبارہ ٹویٹر پر فعال ہونا چاہتے ہیں تو انہیں مذکورہ ٹویٹ ہٹانا پڑی گی۔بظاہر امریکی صدر کے ٹویٹ کو بعدازاں ڈیلیٹ کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ امریکی محکمہ صحت عامہ واضح کر چکا ہے کہ بچے کورونا وائرس کے خلاف قوت مدافعت نہیں رکھتے بلکہ بچے اس میں مبتلا اور منتقلی کا ذریعہ بن سکتے ہیں لیکن بچوں میں کورونا وائرس کے خطرات بہت ہی کم ہوتے ہیں لہذا بڑوں اور بچوں کو کورونا وائرس سے بچاﺅ کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔

مزیدخبریں