لاہور: پی سی بی نے انٹرنیشنل کرکٹ کا چارج ہارون رشید سے لیکر عثمان واہلہ کے حوالے کر دیا ہے۔یہ ایک انتہائی اہم انتظامی تبدیلی ہے جس کا مطلب یہ ہوا کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے دوست ذاکر خان کو فی الحال کوئی پوسٹ نہیں ملے گی اور وہ بدستور او ایس ڈی کی حیثیت سے تنخواہ اور مراعات حاصل کرتے رہیں گے۔
عثمان واہلہ جو پاکستان کرکٹ بورڈ میں منیجر میڈیا کی حیثیت سے آئے تھے اب ترقی کرتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کے انچارج بن گئے ہیں۔ وہ ملکی اور غیر ملکی سیریز اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے معاملات کو بھی براہ راست دیکھیں گے۔عثمان واہلہ کی تنخواہ اور مراعات میں اضافے کے ساتھ ساتھ اب وہ اپنے شعبے میں پہلے سے زیادہ با اختیار ہوگئے ہیں۔ عثمان واہلہ نے حال ہی میں ٹیسٹ کھیلنے والے دیگر ملکوں کے ساتھ پاکستانی ٹیم کا فیوچر ٹور پروگرام بھی بنایا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے بتایا کہ ہارون رشید کو ڈومیسٹک کرکٹ تک محدود کردیا گیا ہے جبکہ عثمان واہلہ سینیئر جنرل منیجر انٹرنیشنل کرکٹ آپریشنز بن گئے ہیں۔ وہ ٹیسٹ کھیلنے والے ملکوں کے بورڈز اور آئی سی سی سے بھی ہر وقت رابطے میں رہیں گے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کیمپ اورغیر ملکی کوچز بھی عثمان واہلہ کی نگرانی میں کام کریں گے۔عثمان واہلہ کو سینیئر جنرل منیجر کی حیثیت سے ترقی دی گئی ہے۔ ہارون رشید کو گذشتہ سال ڈائریکٹر کرکٹ بنایا گیا تھا لیکن اب انہیں انٹرنیشنل کرکٹ سے الگ کردیا گیا ہے۔
اس سے قبل انٹر نیشنل کرکٹ کے تمام معاملات غیر رسمی طور پر عثمان واہلہ ہی دیکھتے تھے لیکن اب اس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ڈومیسٹک کرکٹ کا چارج ہارون رشید کے پاس رہے گا وہ کراچی میں اپنے آفس سے ڈومیسٹک کرکٹ کے معاملات سنبھالیں گے جبکہ پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں ڈومیسٹک کرکٹ کے معاملات جنرل منیجر شفیق احمد پاپا دیکھیں گے تاہم اس کا تمام تر کنٹرول ہارون رشید کے پاس رہے گا۔