سری نگر: وادی کشمیر سے تعلق رکھنے والے آئی اے ایس افسر شاہ فیصل نے آئین ہند کی دفعہ 35 اے کا نکاح نامے سے موازانہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسے منسوخ کرنے سے رشتہ خودبخود ختم ہوجائے گا۔
شاہ فیصل نے مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا میں دفعہ 35 اے کا موازانہ نکاح نامے سے کروں گا۔ آپ اسے منسوخ کریں گے تو رشتہ خود بخود ختم ہوجائے گا۔ اس کے بعد بحث کے لئے کچھ بھی نہیں بچے گا۔ بھارت کے لئے ریپستان کا لفظ استعمال کرنے کی وجہ سے حال ہی میں خبروں میں رہنے والے شاہ فیصل جو اس وقت امریکہ میں زیر تعلیم ہیں، کا دفعہ35 اے پر ٹویٹ معاملے کی سپریم کورٹ میں سماعت سے محض پندرہ گھنٹے قبل سامنے آیا ہے۔
شاہ فیصل کے ٹویٹ پر ٹویٹر صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آیا، فاروق خان نامی ٹویٹر صارف نے لکھا طلاق کے کاغذات تو اقوام متحدہ کے پاس ہیں۔ صرف تصدیق کا انتظار ہے۔ بتادیں کہ جموں وکشمیر حکومت نے گذشتہ ماہ شاہ فیصل کے خلاف محکمہ جاتی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔ ان پر الزام تھا کہ انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں بھارت کے لئے ریپستان کا لفظ استعمال کیا۔