چین میں پھنسے 200 سے زائد پاکستانیوں کا آج رات وطن واپس پہنچنے کا امکان

چین میں پھنسے 200 سے زائد پاکستانیوں کا آج رات وطن واپس پہنچنے کا امکان
کیپشن: بعض شہری ایسے ہیں جو 29 جولائی سے وطن واپسی کی راہ تک رہے تھے۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: چین میں پھنسے پاکستانی مسافروں کو لینے شاہین ایئرلائن کا طیارہ گوانگزو ائیرپورٹ پہنچ گیا جہاں امیگریشن حکام نے 214 مسافروں کو بورڈنگ پاس جاری کر دیئے۔

شاہین ایئر کی پرواز پاکستانی مسافروں کو لے کر کچھ دیر میں چین سے روانہ ہو گی جس کا آج رات لاہور واپس پہنچنے کا امکان ہے۔ ترجمان شاہین ایئر کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر مسافروں کو آج پاکستان لے آئیں گے۔

واضح رہے کہ بعض شہری ایسے ہیں جو 29 جولائی سے وطن واپسی کی راہ تک رہے تھے اور اس کی وجہ شاہین ایئر کی پرواز منسوخ ہونے کے بعد متبادل پرواز کا کرایہ نہ ہونا تھا۔

 مزید پڑھیں: غنویٰ بھٹو نے عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما سے معذرت کر لی

سول ایوی ایشن سے اجازت نہ ملنے پر 2 اور 5 اگست کو بھی شاہین ایئر کی پروازیں منسوخ ہوئیں۔ دوسری جانب کرایہ واپس ملنے پر جن مسافروں کے لیے مہنگے ٹکٹ خریدنا ممکن تھا وہ پہلے ہی وطن لوٹ آئے مگر اب بھی 240 کے قریب افراد بحالت مجبوری گوانگژو میں موجود ہیں۔

پرزے کی تبدیلی کے بعد سول ایوی ایشن نے شاہین ایئر کی پرواز این ایل 892 کو اڑان بھرنے کی اجازت دی جو رات ڈھائی بجے کے قریب چین روانہ ہوئی۔  توقع ہے کہ یہ فلائٹ آج شام 7 سے 8 بجے تک واپس لاہور پہنچ جائے گی۔

واضح رہے کہ مصیبت میں گرفتار ان پاکستانیوں کا معاملہ میڈیا پر آیا تو چیف جسٹس میان ثاقب نثار نے بھی نوٹس لیا تھا اور ان مسافروں کو پیر تک وطن واپس لانے کا حکم دیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں