ٹرمپ چاہتے ہیں کہ پاکستان عسکریت پسندوں کی مدد کی اپنی پالیسی تبدیل کرے، امریکا

04:35 PM, 6 Aug, 2017

واشنگٹن امریکی قومی سلامتی کے مشیر جنرل ایچ آر مک ماسٹر نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چاہتے ہیں کہ پاکستان عسکریت پسندوں کی مبینہ مدد کی اپنی دہری پالیسی تبدیل کرے، جس سے ملک کو نقصان پہنچ رہا ہے۔امریکی ریڈیو کو انٹرویو دیتے ہوئے جنرل مک ماسٹر نے ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسی کا دفاع کیا جس کے تحت افغانستان میں جنگ جیتنے کے لیے امریکی افواج کو لا محدود اختیارات دے دیے گئے ہیں۔
؎

امریکی حکام ماضی میں بھی پاکستان پر عسکریت پسندوں کی مبینہ مدد کا الزام لگاتے رہے ہیں جس کی پاکستان نے ہمیشہ تردید کی تاہم یہ پہلی مرتبہ ہے کہ یہ الزام امریکی صدر سے منسوب کیا گیا۔مک ماسٹر کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکی صدر نے واضح کیا کہ ہمیں خطے میں رویے کی تبدیلی دیکھنے کی ضرورت ہے جس میں وہ ممالک بھی شامل ہے جو طالبان، حقانی نیٹ ورک اور دیگر تنظیموں کو محفوظ پناہ گاہیں مہیا کرتے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ پاکستان ہے جس کے رویے میں ہم تبدیلی اور مذکورہ گرپوں کی مدد میں کمی دیکھنا چاہتے ہیں۔امریکی قومی سلامتی کے مشیر نے الزام لگایا کہ پاکستان میں دہری پالیسی عمل پیرا ہے جس سے اسے شدید نقصان ہوا، پاکستان نے ان گروپوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائیاں کی لیکن وہ مخصوص سمت میں تھیں۔

افغانستان میں جنگ جیتنے کے حوالے سے امریکی صدر کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وہ افغانستان میں موجود امریکی فوجیوں پر پابندیاں عائد نہیں کرنا چاہتے جو میدان جنگ میں امریکا کی اہلیت پر اثر انداز ہو، اسی لیے انہوں نے تمام پابندیاں ختم کردیں جس کے مثبت اثرات جلد نظر آنا شروع ہوجائیں گے۔

مزیدخبریں