بنکاک :بنکاک میں گلی کی صفائی کرنے والی ایک خاتون کی کہانی نے سوشل میڈیا پر دھوم مچائی، جب ایک روسی فوٹوگرافر نے ان کی قدرتی خوبصورتی کو کیمرے میں قید کر کے ٹک ٹاک پر شیئر کیا۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد، خاتون کی زندگی میں یکدم تبدیلی آئی اور وہ اب کئی مشہور برانڈز کی ماڈل بن چکی ہیں۔
28 سالہ نوپاجٹ "مین" سمبوونسٹ، جو دو بچوں کی ماں ہیں، بنکاک کی گلیوں میں صفائی کا کام کر رہی تھیں جب روسی فوٹوگرافر سیمیون ریزچیکوف نے ان کی تصویر کھینچ لی۔ مین کو اس وقت کچھ پتہ نہیں تھا کہ وہ تصویر کیمرے میں قید ہو رہی ہیں، مگر جیسے ہی وہ ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ ہوئی، یہ وائرل ہو گئی اور دنیا بھر کے صارفین نے ان کی خوبصورتی کو سراہا۔
ویڈیو کے وائرل ہوتے ہی، مختلف میڈیا اداروں اور ماڈلنگ ایجنسیوں نے مین سے رابطہ کیا۔ مین نے بتایا کہ وہ تقریباً ایک سال سے صفائی کے کام میں مصروف تھیں اور اس اچانک شہرت کو غیر متوقع قرار دیا۔
مشہور تھائی میک اپ آرٹسٹ "ننگ چیٹ" نے مین کو ایک مفت میک اوور سیشن میں مدعو کیا، جس کے بعد مین کی تصاویر نے سوشل میڈیا پر پھر سے سب کی توجہ حاصل کی۔ ننگ چیٹ کی پروفیشنل تصاویر کے ساتھ مین نے "آرٹ آف دی ڈیوول 2" کے کردار پانور کا لُک اپنایا اور ایک بار پھر وائرل ہو گئیں۔
اب مین نے مختلف برانڈز کے ساتھ ماڈلنگ کی اور اسٹریٹ سویپر کے طور پر اپنا کام چھوڑنے کا فیصلہ کیا تاکہ وہ اپنی نئی ماڈلنگ کیریئر پر توجہ مرکوز کر سکیں۔