میلواڈ پولیس کا بڑا کریک ڈاؤن، کروڑوں کی ہیروئن برآمد، ملزم گرفتار

میلواڈ پولیس کا بڑا کریک ڈاؤن، کروڑوں کی ہیروئن برآمد، ملزم گرفتار

خیبر: میلواڈ پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) رائے مظہر اقبال کی قیادت میں ضلع بھر میں منشیات فروشوں اور اسمگلروں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ میلواڈ پولیس کی ٹیم نے ایس ایچ او نوشاد خان کی نگرانی اور ایڈیشنل ایس ایچ او مغرب خان کی قیادت میں ایک مشکوک کیری ڈبہ پر ناکہ بندی کے دوران کارروائی کی۔

تلاشی کے دوران گاڑی کے خفیہ خانوں سے 15 پیکٹ ہیروئن برآمد کی گئی جن کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے موقع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم عنایت اللہ ساکن جمرود کو گرفتار کر کے حوالات منتقل کر دیا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق گرفتار ملزم ایک منظم منشیات اسمگلنگ گروہ کا حصہ ہے اور ملک کے مختلف حصوں میں منشیات کی سپلائی میں ملوث رہا ہے۔

ڈی پی او رائے مظہر اقبال نے میلواڈ پولیس ٹیم کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہا اور پولیس پارٹی کے لیے انعامات کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ منشیات فروشوں، اسمگلروں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی اور اس ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے حکمت عملی مزید مؤثر بنائی جا رہی ہے۔