راولپنڈی: پاک افغان بارڈر پر سکیورٹی فورسز نے خوارج کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا ہے۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 8 خوارج ہلاک اور 4 زخمی ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، 5 اور 6 اپریل کی رات خوارج کے ایک گروپ نے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں دراندازی کی کوشش کی۔ سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے خوارج کی اس کوشش کو ناکام بناتے ہوئے شدید فائرنگ کے تبادلے میں 8 خوارج کو ہلاک اور 4 کو زخمی کر دیا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان نے بارہا افغان عبوری حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی طرف بارڈر مینجمنٹ کو مؤثر بنائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو امید ہے کہ افغان حکومت اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، علاقے میں مزید خوارج کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے اور سکیورٹی فورسز سرحدوں کے تحفظ اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گی۔